میرٹھ ،24 ؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) میرٹھ میں جمعرات کی دیر شب فتح اللہ پور گاؤں میں مندر کے سامنے گوشت کے ٹکڑے پھینکنے سے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی۔ گاؤں کے لوگوں نے مسلمانوں پر گوشت پھینکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خوب ہنگامہ کیا۔ پولس نے کسی طرح سے معاملہ کو سنبھالا۔ گاؤں میں پولس فورس تعینات کر دیا گیا ہے۔
لساڑی گیٹ تھانہ علاقہ کے فتح اللہ پورگاؤں میں قدیمی شیومندر ہے۔ مندر کے پجاری پنڈت کشن پچوری جمعرات کی دیر شب کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی کے لئے نکلے تو انہیں مندر کے صدر دروازے پر گوشت کے ٹکڑے پڑے ہوئے ملے۔ اس پر پجاری نے گاؤں کے لوگوں کو اس کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی گاؤں کے لوگ مشتعل ہو گئے اور وہ مندر پر جمع ہونے لگے۔ لوگوں نے الزام عائد کی کہ بقرعید کے بعد مسلم لوگوں نے ماحول خراب کرنے کے لئے گوشت کے ٹکڑے مند رکے باہر پھینکے ہیں۔ ان لوگوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ اطلاع ملتے ہی سی او برہم پوری دنیش چندر شکلا موقع پر پہنچے اور لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ اتنے میں ہی مسلم سماج کے معزز لوگ پہنچے اور ایسا کرنے والوں پر پولس سے کاروائی کا مطالبہ کیا۔ اس پر لوگ خاموش ہو گئے لیکن گاؤں میں فرقہ وارانہ کشیدگی برقرار تھی۔ مندر کے پاس پولس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔